کراچی :سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کو مؤثر اور جدید بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں شرجیل میمن نے کہا کہ 50 ڈبل ڈیکر بسوں اور 500 نئی الیکٹرک بسوں کی آمد سے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ بس ڈپو کے قیام کے لیے اپنے اپنے اضلاع میں موجود خالی سرکاری زمینوں کی نشاندہی کی جائے، تاکہ ٹرانسپورٹ منصوبوں کو عملی شکل دینے میں آسانی ہو۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ شہریوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔