پاکستانی زرعی طلبہ کی چین میں کامیاب تربیت پر وزیراعظم شہباز کا مبارکباد کا پیغام

08:55 PM, 18 Jul, 2025

اسلام آباد / بیجنگ:چین کے صوبہ شانشی میں پاکستان اور چین کے باہمی اشتراک سے زرعی شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے لیے بھیجے گئے 300 پاکستانی نوجوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت مکمل کر لی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پروگرام پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعاون کے ایک اہم اقدام کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید زرعی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں ملکی زراعت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم کے مطابق ان طلبہ نے فصلوں کی پیداوار بڑھانے، کم پانی میں مؤثر آبپاشی، لائیو اسٹاک کی دیکھ بھال اور فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے جدید طریقے سیکھے۔

یہ منصوبہ حکومت پاکستان کے اس اعلان کے تحت شروع کیا گیا تھا جس کے مطابق ایک ہزار طلبہ کو چین میں جدید زرعی تعلیم دی جائے گی۔ پہلا بیچ 2024-25 میں روانہ ہوا جبکہ دوسرا بیچ چینی زبان سیکھنے کے بعد مختلف چینی جامعات میں تربیت کے لیے جائے گا۔

وزیراعظم نے چینی اداروں، صوبہ شانشی کی انتظامیہ، وزارت قومی غذائی تحفظ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہا۔

چینی سفارتخانے نے بھی ان طلبہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

پاکستان اکنامک سروے 2025 کے مطابق زرعی شعبے کی کارکردگی توقعات سے کم رہی، سال 2024-25 میں ترقی کی شرح 0.6 فیصد رہی جو کہ مقررہ ہدف 2 فیصد سے خاصی کم ہے، جب کہ اہم فصلوں کی پیداوار میں 13.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزیدخبریں