پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے منصوبہ تجارت کے نئے دور کی شروعات ہے، شہباز شریف

11:58 AM, 18 Jul, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کو جوڑنے والی ریلوے لائن سے خطے میں تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے وسطی ایشیائی ملکوں کا تجارتی سامان پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے دنیا بھر میں پہنچایا جا سکے گا۔

یہ بات انہوں نے پاکستان کے شپنگ سیکٹر اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شپنگ سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مؤثر منصوبہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ بڑھانے کے لیے ریلوے اور شپنگ دونوں شعبوں کو بہتر بنانا انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان اپنی شپنگ لائنز کے ذریعے سامان کی نقل و حمل کرے تو ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے اور آمدن میں اضافہ ممکن ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت دی کہ قومی بحری بیڑے میں مزید جہاز شامل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بیرونِ ملک فریٹ پر خرچ ہونے والا پیسہ بچایا جا سکے۔

انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اسے کارپوریٹ انداز میں چلایا جائے، اور ایک ایسا بزنس ماڈل پیش کیا جائے جو دیرپا ہو اور معیشت میں مثبت کردار ادا کرے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد چیمہ، جنید انور چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں