مریم نواز سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

12:59 PM, 18 Jul, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، صنعت، زراعت اور خواتین کے کردار سے متعلق شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی تاریخ اور ثقافت ایک جیسی ہے، اور ہم ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور خواتین کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بنگلہ دیش کے ساتھ خواتین کی قیادت میں چلنے والے صنعتی منصوبوں اور ڈیجیٹل سکلز پروگرامز میں اشتراک کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور فوڈ سیکیورٹی جیسے شعبوں میں بھی دونوں فریقین کے درمیان مل کر کام کرنے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری میں پنجاب نے بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کیا، اور مستقبل میں فارماسیوٹیکل اور سرجیکل برآمدات میں بھی تعاون ہو سکتا ہے۔

مریم نواز نے بنگلہ دیش کی جانب سے ویزا اور سکیورٹی کلیئرنس میں آسانی کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا اور لاہور و ڈھاکہ میں مشترکہ چیمبر آف کامرس کے قیام کا خیر مقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو بزنس کے لیے ہر ممکن سہولت دی جائے گی، اور "ویمن فرسٹ" ویژن 2030 سمٹ میں شرکت ہمارے لیے اعزاز ہے، یہ صرف ایک سفارتی ملاقات نہیں بلکہ مشترکہ اقدار اور دیرپا شراکت داری کی بنیاد ہے۔ ملاقات کے اختتام پر بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی کاموں اور فلاحی اقدامات کو سراہا۔

مزیدخبریں