مون سون کی بارشیں پھر سے متحرک، 21 جولائی سے نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

11:36 AM, 18 Jul, 2025

لاہور : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے والا ہے، جس سے کئی علاقوں میں دوبارہ سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

گزشتہ روز پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلے آئے، جن میں کئی لوگ پھنس گئے تھے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج نے مل کر ریسکیو آپریشنز کیے، اور مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

جہلم میں 398 افراد ریسکیو کیے گئے جن میں سے 160 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔ چکوال میں 209 شہری محفوظ مقامات پر پہنچائے گئے، اور راولپنڈی میں بھی 450 افراد کو بچایا گیا۔ نالہ لئی سے 6 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج آزاد کشمیر، مشرقی پنجاب، پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارش کے دوران ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

مزیدخبریں