اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے حصہ لیا۔ اجلاس میں اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور کوآرڈینیشن بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ سروس کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ذیلی اداروں کے درمیان رابطے کی کمی ہے جسے فوری طور پر دور کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تین دن کے اندر تمام ادارے قواعد و ضوابط میں تبدیلیاں اور اپنی سفارشات پیش کریں تاکہ ایک جامع پلان تیار کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ادارے کو چاہیے کہ وہ دوسرے اداروں کی مدد کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کرے تاکہ عوام کو بہتر نتائج مل سکیں اور اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہو۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، مختلف ایڈیشنل سیکرٹریز، ایف آئی اے کے ڈی جی، فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل پولیس بیورو، پاسپورٹ و امیگریشن، سائبر کرائم انویسٹی گیشن، فرانزک ایجنسی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد، نادرا کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔