گل پلازہ آگ میں جاں بحق 6، لاپتا افراد کی فوری تلاش جاری:صوبائی وزیر سعید غنی

12:57 PM, 18 Jan, 2026

کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں ہیں، جس کی وجہ سے آگ بجھانا فائر فائٹرز کے لیے مشکل کام تھا۔ آگ لگنے کے بعد کئی افراد کو محفوظ طور پر نکال لیا گیا، لیکن شبہ ہے کہ ابھی بھی متعدد لوگ عمارت کے اندر موجود ہیں۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ لاپتا افراد کو جلد از جلد تلاش کر کے نکالا جائے۔

سعید غنی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، اپنی عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات کریں اور اگزٹ روٹس کو یقینی بنائیں تاکہ ہنگامی صورت حال میں انسانی جانوں کے نقصان سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں کراچی میں متعدد آتشزدگی کے واقعات ہوئے ہیں، اس لیے شہریوں اور متعلقہ اداروں کی مکمل تیاری اور احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

مزیدخبریں