لاہور :لاہور اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھند کی زد میں آ گئے ہیں جس کے باعث حدِ نگاہ نہایت کم ہو گئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی موٹرویز اور اہم راستے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔
موٹروے حکام کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم تھری فیض پور سے سمندری اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی ہر قسم کی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ دھند کے باعث لاہور ایسٹرن بائی پاس پر گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
قومی شاہراہ پر بھی دھند کی شدت برقرار ہے۔ لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، کسوال اور اقبال نگر میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے، رفتار کم رکھنے اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی بند راستے مرحلہ وار کھول دیے جائیں گے۔