کراچی :کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے موقع پر پہنچ کر امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت سے گریز کیا جائے۔
گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ اس سانحے میں پہلی ترجیح انسانی جانوں کو بچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے ثابت کیا ہے کہ انہیں سامان کے نقصان سے زیادہ انسانی جانوں کی پرواہ ہے، جو ایک مثبت اور قابلِ تعریف رویہ ہے۔
کامران ٹیسوری نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے اپنی عمارتوں اور دکانوں میں حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں اور افراد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
گورنر سندھ نے واقعے کی مکمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔