کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے دوران صارفین کو سحر و افطار کے اوقات میں مستحکم گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹائم ٹیبل جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، رمضان کے مہینے میں روزانہ صبح 3 بجے (سحری سے پہلے) سے رات 10:30 بجے تک گیس کی سپلائی جاری رہے گی تاکہ صارفین سحری اور افطار کے کھانے بلا رکاوٹ تیار کر سکیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ملک میں گیس کے ذخائر میں سالانہ تقریباً 10 فیصد کمی کی وجہ سے مجموعی رسد متاثر ہو رہی ہے، تاہم حکومت پاکستان نے رمضان کے پیش نظر اضافی گیس فراہم کی ہے تاکہ صارفین کی ضروریات کے مطابق اسے استعمال کیا جا سکے۔
سوئی سدرن نے صارفین کو یقین دلایا کہ مقدس مہینے میں گیس کے پریشر کو بہتر سطح پر برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اگر کسی صارف کو مقررہ اوقات میں کم پریشر یا گیس کی بندش کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر 1199 ہیلپ لائن، موبائل ایپ یا قریبی کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کر سکتا ہے۔ کمپنی کا عملہ شکایات کے ازالے کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا۔
اعلامیے میں صارفین سے تاکید کی گئی ہے کہ سحری اور افطار کے اوقات میں لاکھوں چولہوں کے بیک وقت استعمال سے گیس کا دباؤ متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے گیس کا محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کریں اور بلا ضرورت چولہا نہ چھوڑیں تاکہ تمام صارفین کو ان کی ضرورت کے مطابق گیس دستیاب ہو سکے۔
ساتھ ہی، ایس ایس جی سی نے گیس کمپریسر کے غیر قانونی استعمال کو غیر اخلاقی اور قابل سزا قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے دوسرے صارفین کی سہولت متاثر ہوتی ہے۔