پاکستان کا بھارت کی جانب سے چناب کے بہاؤ میں تبدیلی پر سخت ردعمل، عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل

12:13 PM, 18 Dec, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر فوری طور پر نوٹس لے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دریا کے پانی سے متعلق کسی بھی یکطرفہ فیصلے کی کوئی گنجائش نہیں، اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی قوانین موجود ہیں، اور چناب کے پانی میں اچانک تبدیلی پاکستان کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے اس معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لینے کی درخواست کی۔

طاہر حسین اندرابی نے مزید بتایا کہ دسمبر سے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا ہے، اور بھارت کی جانب سے بغیر کسی اطلاع کے پانی چھوڑنے پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔

ان کے مطابق، پاکستان بھارت کی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کی طرف سے مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کیے گئے ہتک آمیز سلوک کی بھی مذمت کرتا ہے، اور بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی جانب بھی عالمی برادری کی توجہ دلائی۔ پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اقلیتی شہریوں، خاص طور پر مذہبی آزادی کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

مزیدخبریں