کیلیفورنیا : اگر آپ انسٹاگرام ریلز کو فون پر دیکھنا پسند کرتے ہیں تو خوشخبری ہے! اب آپ ان ویڈیوز کو بڑی اسکرین پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ میٹا نے ایمازون کے ساتھ شراکت داری کی ہے اور "انسٹاگرام فار ٹی وی" نامی نئی ایپ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے آپ انسٹاگرام ریلز کو فائر ٹی وی ڈیوائسز پر دیکھ سکیں گے۔
یہ ایپ صرف ویڈیوز دیکھنے تک محدود نہیں، بلکہ آپ ریلز کو لائیک بھی کر سکیں گے، شیئر کر سکیں گے اور انسٹاگرام کے مختلف اکاؤنٹس کو بھی سوئچ کر سکیں گے۔ آپ اپنی دلچسپی کے مطابق مواد تلاش کر سکیں گے اور مختلف کریئٹرز کو سرچ بھی کر سکیں گے، بالکل ویسے جیسے آپ اپنے فون پر انسٹاگرام استعمال کرتے ہیں۔
یہ ایپ ایمازون کے ایپ اسٹور میں دستیاب ہے اور 5 مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس کو سپورٹ کرتی ہے، یعنی ایک ہی گھر کے لوگ اس ایپ کو استعمال کر سکتے ہیں۔ اس میں انسٹاگرام کا ریکومینڈیشن الگورتھم استعمال ہوگا، جس سے مواد کی تلاش آپ کے موبائل ایپ جیسی ہوگی۔
فی الحال یہ ایپ صرف امریکا میں دستیاب ہے، اور دیگر ممالک میں کب متعارف کرائی جائے گی، اس کا کوئی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔