اسلام آباد : پاکستان کے مختلف علاقوں میں 20 دسمبر سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 20 سے 22 دسمبر تک بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 20 اور 21 دسمبر کے دوران پنجاب کے پہاڑی علاقوں جیسے راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جس سے دھند اور سموگ میں کمی آئے گی۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہو گا، جس کے بعد بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشات بھی ہیں، جس سے سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔