نئے صوبوں کا قیام آئینی طریقہ کار کے تحت ہی ممکن ہے، شرجیل میمن

03:52 PM, 18 Aug, 2026

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق طریقہ کار آئین میں موجود ہے، کوئی بھی فرد آئین سے بالاتر نہیں، جبکہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ملک میں تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق چلنے چاہئیں۔ نئے صوبوں سے متعلق بھی آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اسی کے تحت کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت نئے صوبوں کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں۔ آئین کی بالادستی اور صوبائی حقوق کا تحفظ پارٹی کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔

سینئر وزیر سندھ نے مہنگائی اور زرعی شعبے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ سے سب سے زیادہ کسان متاثر ہوتا ہے۔ کسان پہلے ہی مختلف مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کا اضافی بوجھ سندھ کے کسانوں پر نہیں پڑنے دیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گی اور زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

مزیدخبریں