راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی ’آپریشن سندور‘ پر بنائی گئی دستاویزی فلم کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت معرکۂ حق کے نتائج کو تسلیم کرنے کے بجائے ایک من گھڑت بیانیے کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کو ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت تلخ حقیقت کا سامنا کرنے سے گریزاں ہے اور نام نہاد ’آپریشن سندور‘ کی ڈرامائی دستاویزی فلم کے ذریعے واقعات کو اپنے حق میں پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی ڈاکومنٹری میں جنگی واقعات کو بالی ووڈ طرز کے انداز میں پیش کیا گیا، تاہم ڈرامائی مناظر اور من گھڑت دعوے زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے۔ آئی ایس پی آر نے بھارتی فلم میں موجود دعوؤں اور واقعات کی ترتیب پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنگ کے نتائج محض دعوؤں یا دستاویزی فلموں سے تبدیل نہیں کیے جا سکتے، جبکہ معرکۂ حق کے دوران پیش آنے والے واقعات اور دستیاب شواہد حقیقت واضح کرنے کے لیے کافی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ برس معرکۂ حق سے متعلق اپنی دستاویزی فلم بھی جاری کی تھی، جس میں جنگ کے واقعات، بھارتی حملوں اور پاکستان کی جوابی کارروائیوں کو ترتیب وار پیش کیا گیا تھا۔