موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے:صدر آصف زرداری

10:02 AM, 18 Aug, 2026

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے، درختوں کا تحفظ اور شجرکاری قومی ذمہ داری ہے۔

مون سون شجرکاری مہم 2026 کے آغاز پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے بتایا کہ ملک بھر میں 2 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات حیاتیاتی تنوع، آبی وسائل اور ماحول کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے شہریوں، نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور مقامی آبادی سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے علاقوں کے لیے موزوں مقامی درختوں کی اقسام لگانے کو ترجیح دیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور پائیدار زمین کے انتظام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سرسبز اور صاف پاکستان کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج لگائے گئے درخت آنے والی نسلوں کے صحت مند اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔

مزیدخبریں