لاہور : پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں جدید ٹرام سروس مارچ 2026 تک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق ٹرام سروس کا آزمائشی مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، اور اب منصوبے کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ٹرام سروس ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک چلائی جائے گی، جس پر 30 لاکھ امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں نمایاں بہتری لائے گا اور شہریوں کو ماحول دوست، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں دیگر بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ستمبر میں گوجرانوالہ میٹرو کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔اکتوبر کے آخر میں فیصل آباد میٹرو بس سروس کا آغاز ہوگا،ان منصوبوں سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 96 ہزار افراد کو روزانہ معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ پنجاب حکومت اگلے چند ماہ میں 1100 الیکٹرک بسیں بھی ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کرنے جا رہی ہے، جو نہ صرف ایندھن کے اخراجات میں کمی لائیں گی بلکہ فضائی آلودگی کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔