خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو فوری اور شفاف امداد کے لیے جدید ایپ کا اجرا

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے "ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ" ایپ کا افتتاح کیا، جو کہ صوبائی آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیزی سے تیار کی گئی

09:03 PM, 18 Aug, 2025

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع بونیر، سوات، باجوڑ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد متاثرین کو فوری، شفاف اور موثر مالی امداد فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے "ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ" ایپ کا افتتاح کیا، جو کہ صوبائی آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیزی سے تیار کی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین اپنی املاک کے نقصانات کی تفصیلات اپ لوڈ کر سکیں گے اور معاوضہ براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں ادا کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ایپ کی بدولت امداد کا عمل نہایت شفاف ہوگا، جس میں جیو ٹیگنگ اور خودکار ویری فکیشن کا نظام موجود ہے تاکہ جعلی دعوؤں کو روکا جا سکے۔ علاوہ ازیں، وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام کو نقصانات اور ادائیگیوں کی مکمل تفصیلات بھی میسر ہوں گی۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ چند دنوں میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک 325 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر کو پہنچا ہے جہاں 217 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

صوبائی حکومت نے فوری امداد کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔ بونیر کو 15 کروڑ روپے، باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10-10 کروڑ روپے جبکہ سوات کو 5 کروڑ روپے دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کی فوری مدد کی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور ریلیف میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور صوبائی حکومت اس عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔

مزیدخبریں