وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کے لیے امدادی اقدامات کا اعلان، کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ

03:09 PM, 18 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کے پی سمیت ملک کے دیگر متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال  کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ خدمت اور عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کا ہے۔ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد ہماری قومی ذمہ داری ہے۔”

وزیراعظم نے تمام وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مزید متحرک ہوں اور امدادی کارروائیوں کو تیز کریں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد اور متاثرہ خاندانوں کو وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ امدادی اشیاء کی تقسیم اور بحالی کے عمل کی نگرانی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کو سونپی گئی ہے، جبکہ بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بحالی کی ذمہ داری متعلقہ وفاقی وزرا انجام دیں گے۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزرا کو ہدایت کی کہ وہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دورے کریں اور خود صورتحال کا جائزہ لے کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔

وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو ہدایت کی کہ وہ شاہراہوں کی بحالی میں کسی قسم کی علاقائی تخصیص نہ کرے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے تمام اہم راستے فوری طور پر بحال کیے جائیں۔

انہوں نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پلوں اور سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کریں۔ ساتھ ہی وزیر توانائی کو متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو فوری طور پر نقصانات کا حتمی تخمینہ پیش کرنے اور متاثرین میں امدادی اشیاء  تقسیم  کرنے کے لیے  حکمت عملی کی بھی ہدایت کی۔

مزیدخبریں