چین کے وزیر خارجہ وانگ یی بھارت کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے

10:40 AM, 18 Aug, 2025

بیجنگ : چین کے وزیر خارجہ وانگ یی آج بھارت کا دورہ مکمل کر کے 21 اگست کو پاکستان پہنچیں گے۔ ان کا یہ دو روزہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں وہ پاکستان کی سول اور فوجی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، سٹریٹجک امور اور عالمی و علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

یہ دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وانگ یی مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی چار روزہ جنگ کے بعد اور جون میں ایران و اسرائیل کے تنازع کے بعد پاکستان آ رہے ہیں۔ ان واقعات کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ جنگ میں پاکستان کی کامیابی میں چین کی حمایت کا بڑا کردار رہا ہے۔ اس دورے میں دونوں ممالک بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے طریقے تلاش کریں گے۔

اس دوران وزیراعظم شہباز شریف کے چین کے دورے کی بھی تیاریوں پر بات ہوگی۔ شہباز شریف اس ماہ کے آخر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین جائیں گے۔

ادھر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار 23 اگست کو ڈھاکہ کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پہلے دو مرتبہ ملتوی ہو چکا ہے۔ اس موقع پر وہ بنگلہ دیشی وزیر خارجہ اور عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے بھی ڈھاکہ کے دورے متوقع ہیں۔

مزیدخبریں