وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے جدید شہروں سے سیکھنے کا فیصلہ کر لیا

10:20 AM, 18 Aug, 2025

یوکوہاما: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے جدید شہری ترقیاتی منصوبوں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے وفد کے ساتھ یوکوہاما شہر کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے وہاں کے جدید اربن ڈویلپمنٹ ماڈلز کے بارے میں تفصیل سے جانکاری حاصل کی۔

دورے کے دوران پنجاب اور یوکوہاما کے درمیان “سٹی ٹو سٹی” تعاون کا معاہدہ ہوا جس میں شہروں کی ترقی، ماحول کی حفاظت اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کا معیار جاپان جیسا بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور یوکوہاما کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ ساتھ ہی لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے اور ریلوے نظام کی بہتری کے لیے جاپان کے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے جاپان کے جدید چیئر لفٹ اور ایئر کیبن منصوبے بھی دیکھے۔ یوکوہاما کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2025 میں ایشیا کا سب سے ترقی یافتہ اور ماحولیاتی لحاظ سے صاف شہر قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں