پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے لگا، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

09:45 AM, 18 Aug, 2025

لاہور: مون سون کی بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ کے تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان کے مطابق دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر پانی کا بہاؤ لاکھوں کیوسک میں ہے، جب کہ دریائے ستلج اور راوی میں بھی سیلاب کی کیفیت ہے۔ نالہ پلکھو میں درمیانے درجے اور نالہ ایک بئیں اور بسنتر میں کم درجے کی سیلابی صورتحال دیکھی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر جو لوگ دریاؤں کے کنارے رہتے ہیں وہ فوراً محفوظ جگہوں پر چلے جائیں۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں جہاں متاثرین کو کھانا، دوائیں اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھیں، دریاؤں اور نہروں کے قریب جانے سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ ساتھ ہی کہا کہ کشتیوں اور لائف جیکٹس کی فراہمی کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا تاکہ کسی مشکل وقت میں مدد کی جا سکے۔

مزیدخبریں