امریکہ کی پاک-بھارت جنگ بندی پر نظر، مارکو روبیو کا بیان، بھارت نے امریکی دعویٰ مسترد کر دیا

09:31 AM, 18 Aug, 2025

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق ایسی جنگ بندی قائم رکھنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ یہ معاملہ ہمیشہ نازک اور پیچیدہ ہوتا ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنگ بندی تب ہی کامیاب ہو سکتی ہے جب دونوں ممالک خود لڑائی روکنے پر رضامند ہوں، اور صرف زبردستی یا کسی ایک فریق کی خواہش سے یہ ممکن نہیں۔ روبیو کے مطابق امریکہ روزانہ مختلف خطوں پر نظر رکھتا ہے، جیسے پاکستان اور بھارت، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ، تاکہ امن قائم رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ صرف وقتی جنگ بندی نہیں چاہتا بلکہ ایسا امن چاہتا ہے جو مستقل ہو، تاکہ نہ اب جنگ ہو اور نہ ہی مستقبل میں کوئی خطرہ رہے۔ روبیو کا کہنا تھا کہ موجودہ امریکی صدر نے دنیا میں امن کو اپنی حکومت کی ترجیح بنایا ہے، اور امریکہ ہر اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جہاں امن قائم ہو سکتا ہو۔

روبیو نے یہ بھی بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں 10 مئی کو پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا، اور ٹرمپ نے بعد میں کئی بار دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی کم کرائی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت لڑائی چھوڑ دیں تو امریکہ ان کے ساتھ بڑے تجارتی معاہدے کرے گا۔

ادھر بھارت نے امریکی دعوؤں کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جو بھی جنگ بندی ہوئی، اس میں کسی تیسرے ملک کی مداخلت شامل نہیں، اور نہ ہی اس کا کوئی تعلق تجارت یا امریکہ سے ہے۔

مزیدخبریں