ٹوکیو / یاکوہاما: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے جاپان کے سرکاری دورے کا آج سے باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ وہ جاپانی حکومت کی دعوت پر پانچ روزہ دورے پر ہیں اور آج کا دن جاپان کے شہر یاکوہاما میں مختلف سرکاری مصروفیات میں گزاریں گی۔
دورے کے پہلے دن مریم نواز شریف کی ملاقات یاکوہاما کے میئر ڈاکٹر ٹاکیہارو یاماناکا سے ہوگی، جو وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ یاکوہاما کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گی جن میں مشہور ریڈ بریک ویئر ہاؤس، جدید کیبل کار "یاکوہاما ایئر کیبن"، اور شہر کا واٹر اینڈ سیوریج سسٹم شامل ہیں۔
مریم نواز شریف آج جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی۔ رات کو ان کے اعزاز میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب گزشتہ رات تھائی لینڈ سے ٹوکیو پہنچیں، جہاں ہینیڈا ایئرپورٹ پر جاپانی حکام، پاکستان کے سفیر عبد الحمید اور پاکستانی کمیونٹی نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور پنجاب کے لیے ممکنہ تعاون کے نئے دروازے کھولنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔