کوئٹہ: خودکش حملہ ناکام، یونیورسٹی کا لیکچرار دہشت گردوں کا سہولت کار نکلا

10:12 AM, 18 Aug, 2025

کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران بلوچستان یونیورسٹی کے ایک لیکچرار ڈاکٹر عثمان قاضی کو گرفتار کیا گیا ہے، جو مبینہ طور پر ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 11 اگست کو کوئٹہ سے ایک خودکش حملہ آور کو زندہ پکڑا گیا۔ دورانِ تفتیش اس نے انکشاف کیا کہ وہ ڈاکٹر عثمان قاضی کی مدد سے حملے کی تیاری کر رہا تھا۔ اس کے بیان پر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عثمان نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے نہ صرف 2024 میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے حملے میں سہولت فراہم کی، بلکہ کئی دہشت گردوں کو تربیت بھی دی۔ اطلاعات ہیں کہ وہ 14 اگست کو کوئٹہ میں ایک بڑا حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جو سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ناکام بنا دیا گیا۔

دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں، اور ان کا مقصد صرف دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نشانہ بنانا ہے، نہ کہ عام شہریوں کو۔

انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان کے عوام خود دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں اور ان کی نشاندہی کر رہے ہیں، جو ایک مثبت تبدیلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شہری دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے یا بارودی مواد چھپاتا ہے تو اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سکیورٹی ادارے اب گرفتار لیکچرار سے مزید تفتیش کر رہے ہیں، اور امکان ہے کہ اس نیٹ ورک سے جڑے مزید افراد کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں