لاہور : پنجاب ادارہ برائے زبان، فن و ثقافت (پلاک) نے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں انجام دی گئی نمایاں کارکردگی پر مبنی خصوصی نیوز لیٹر جاری کر دیا ہے۔ اس شمارے میں پنجابی زبان، ادب، اور پنجاب کے قدیم ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کو تفصیل سے اجاگر کیا گیا ہے۔
نیوز لیٹر کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل پلاک محبوب عالم چوہدری کی سربراہی میں مادری زبان کے فروغ کے لیے اہم سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ نئی نسل کو اپنی جڑوں سے روشناس کروانے کے لیے پنجابی (گرمکھی) کلاسز اور آگاہی مہمات کا آغاز کیا گیا۔ پنجابی ادب کی ترویج کے لیے پبلیکیشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کیے گئے اور نئے ادیبوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کتب کی اشاعت کو یقینی بنایا گیا۔
گزشتہ تین ماہ کے دوران پلاک نے فنونِ لطیفہ کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ ملک بھر کے فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے خطاطی اور آرٹ کی خصوصی نمائشیں منعقد کی گئیں۔پنجاب کی روایتی دستکاریوں کی نمائش اور میوزک پروگرامز کے ذریعے لوک ورثے کو زندہ رکھنے کی کوشش کی گئی۔نیوز لیٹر میں پلاک لائبریری میں نادر کتب کے اضافے اور ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پنجاب کی بھرپور ثقافت کو قومی اور عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل محبوب عالم چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی پنجابی زبان اور فنون کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نیوز لیٹر پلاک کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے 'پلاک' متحرک؛ سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کا خصوصی نیوز لیٹر جاری
09:37 PM, 18 Apr, 2026