بدانتظامی نے ایکسپورٹ سیکٹر کو تباہ کر دیا"، ایس ایم تنویر

12:47 PM, 18 Apr, 2026

کراچی :یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے برآمدات میں 7 ارب ڈالر کے ممکنہ نقصان کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے ناقص نظام اور حکومتی بدانتظامی کے باعث ملکی صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔ ایس ایم تنویر نے بتایا کہ گزشتہ سال برآمدات 33.3 ارب ڈالر تھیں، مگر اس سال ان میں 7 ارب ڈالر کی بڑی کمی کا خدشہ ہے۔ حکومت کا سالانہ 10 فیصد اضافے کا ہدف محض کاغذوں تک محدود رہ گیا ہے۔
 انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 5 سال سے ٹرانسمیشن لائنز پر کوئی کام نہیں ہوا۔ مٹیاری سے لاہور تک کا بجلی ترسیل کا نظام بدحالی کا شکار ہے، جبکہ انڈسٹری کو اب 4 گھنٹے روزانہ لوڈشیڈنگ کا کہہ کر مزید دباؤ میں لایا جا رہا ہے۔ ملک میں متعدد صنعتیں بند ہو چکی ہیں اور جو چل رہی ہیں وہ بھی اپنی آدھی صلاحیت پر کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری 24 گھنٹے چلے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
 پیسے کے باہر جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سرمایہ ہمیشہ وہیں جاتا ہے جہاں منافع اور سازگار ماحول ہو۔ پاکستان میں اس وقت ہر طرف مس مینجمنٹ کا راج ہے۔ایس ایم تنویر نے مطالبہ کیا کہ اگر ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے تو اداروں کو فعال کرنا ہوگا اور صنعتوں کو مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی، ورنہ بیروزگاری اور معاشی خسارہ قابو سے باہر ہو جائے گا۔

مزیدخبریں