دشمن ہماری مہارت دیکھ کر دنگ رہ گیا، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو

10:51 AM, 18 Apr, 2026

ایبٹ آباد:پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن پسندی کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول میں 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس اور دیگر کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایئر چیف نے پاک فوج اور فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا معرکہِ حق میں پاکستان کی جنگی حکمت عملی دنیا نے دیکھی۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے طیارے گرا کر تاریخ رقم کی اور ہماری طاقت و ہنرمندی دیکھ کر دشمن دنگ رہ گیا۔انہوں نے امن کے قیام کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ مادرِ وطن پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے افواجِ پاکستان ہر لمحہ تیار ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کا ذکر کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 38 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 72 ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15 ویں مجاہد کورس اور 27 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے چاق و چوبند دستوں نے حصہ لیا۔ مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازی شمشیر اور تمغے تقسیم کیے۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور کیڈٹس کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی

مزیدخبریں