حیدرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام کینال منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اور پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کی لڑائی میں پیش پیش رہی ہے۔
حیدرآباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عمر کوٹ میں قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کی فتح پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ جیت ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیرانی کی بات یہ ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور ن لیگ ایک ہی موقف پر تھے، مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دے کر ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ووٹرز نے اسلام آباد کو واضح پیغام دیا کہ سندھ کے عوام آج بھی شہید بے نظیر بھٹو اور صدر آصف زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی جنگ لڑی ہے، اور کینال منصوبے کے خلاف ان کا مؤقف اصولی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے وفاقی مفادات اور سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ یہ جنگ بلاول بھٹو نے اپنے والدین اور شہید بے نظیر بھٹو سے وراثت میں حاصل کی ہے، جو ہمیشہ سندھ کے عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جب ملک میں دہشت گرد تنظیمیں مختلف علاقوں میں حملے کر رہی ہیں، یہ متنازعہ کینال منصوبہ وفاق کے لیے مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ سندھ کے حقوق کی پامالی کرنے کا کوئی جواز نہیں رکھتے، اور پیپلزپارٹی ہمیشہ سندھ کے عوام کے مفادات کے دفاع میں آواز بلند کرتی رہے گی۔