اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی رفتار میں تھوڑی سی کمی واقع ہوئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 0.69 فیصد کم ہوئی، جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ شرح منفی 2.72 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ 18 اشیاء سستی ہوئیں اور 17 کی قیمتوں میں کوئی فرق نہیں آیا۔
تفصیلات کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت میں فی کلو 54 روپے 42 پیسے کی کمی ہوئی، ٹماٹر 16 روپے 29 پیسے اور لہسن 41 روپے 76 پیسے فی کلو سستا ہوا۔ اسی طرح پیاز، آلو، چینی، آٹا، گھی، دالیں، ایل پی جی سلنڈر اور گڑ بھی سستے ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں دال چنا، چاول، تازہ دودھ، سگریٹ، چائے کی پتی اور جلانے کی لکڑی شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ معمولی کمی وقتی ہے اور حکومت کو قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔