اسلام آباد:پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور خوبصورت اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی فین فالوونگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اب وہ بھارتی پنجابی فلم "سردار جی 3" میں اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
کامیڈین اور اداکار ناصر چنیوٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہانیہ عامر "سردار جی 3" کا حصہ ہیں اور ان کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ناصر چنیوٹی خود بھی اس فلم میں ایک کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا، "یہ حقیقت ہے کہ ہانیہ عامر فلم 'سردار جی 3' میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، اور یہ فلم جون 2025 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ وہ کوئی معمولی کردار نہیں بلکہ ایک اہم اور مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔"
ناصر چنیوٹی نے مزید کہا کہ ہانیہ کی پنجابی زبان میں اداکاری نے سب کو حیران کن حد تک متاثر کیا ہے۔ "وہ پنجابی زبان کو بہت اچھے طریقے سے بولتی ہیں، اور جب فلم ریلیز ہوگی تو آپ خود دیکھ پائیں گے کہ ان کی اداکاری کتنی شاندار ہے۔"
اس سے قبل ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی سوشل میڈیا پوسٹس میں مماثلت دیکھنے کو ملی تھی، جس پر مداحوں نے یہ قیاس کیا تھا کہ دونوں کسی مشترکہ پروجیکٹ میں کام کر رہے ہیں، تاہم اب ناصر چنیوٹی کے بیان سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے۔
فلم "سردار جی 3" بھارتی پنجابی سینما کی کامیاب فرنچائز کا تیسرا حصہ ہے، جس کی کاسٹ اور کہانی ابھی تک خفیہ رکھی گئی ہے۔ دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی جوڑی پہلی بار ایک ساتھ دکھائی دے گی، جس کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے۔