فلورملز کو بحران سے نکالنے کے لیے گندم مصنوعات کی برآمد کی اجازت دی جائے: چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن

05:36 PM, 18 Apr, 2025

لاہور: چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے پنجاب حکومت سے اپیل کی ہے کہ فلورملز کو گندم کی بجائے گندم سے تیار کردہ مصنوعات بیرونِ ملک بھیجنے کی اجازت دی جائے تاکہ انڈسٹری کو مالی مشکلات سے نکالا جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلورملز کا شعبہ کئی برسوں سے مسائل کا شکار ہے۔ حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کی گئی، جبکہ فلورملز نے مارکیٹ سے 3600 سے 3700 روپے میں گندم خریدی، لیکن سرکاری پالیسیوں کے باعث انڈسٹری کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

عاصم رضا نے کہا کہ فلورملز کو بلاوجہ اسمگلنگ سے جوڑا جا رہا ہے، جو کہ حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل کی اجازت دی جائے اور انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے مستقل تجارتی پالیسی مرتب کی جائے۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ فلورملز کے لیے آبیانہ اور فکس ٹیکس میں رعایت، چار ماہ کی بلا معاوضہ اسٹوریج کی سہولت اور گندم و آٹے کی ترسیل پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔

ان کا دعویٰ تھا کہ پنجاب میں موجود فلورملز کی استعداد اتنی زیادہ ہے کہ وہ پورے ایشیائی خطے کو آٹے کی فراہمی کر سکتی ہیں، اس لیے گندم کے بجائے گندم کی مصنوعات کو ایکسپورٹ کرنا زیادہ نفع بخش ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں