دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی ، وزیراعظم شہباز شریف

10:44 AM, 18 Apr, 2025

اسلام آ باد :  وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں امن و امان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکیورٹی، دہشت گردی، سمگلنگ اور دیگر معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے گھبرا رہے ہیں، لیکن ہم دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ دوبارہ پاکستان کی طرف دیکھنے کی بھی جرات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جو جہاد جاری ہے، وہ ہر حال میں جاری رہے گا۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں قابل فخر ہیں، جو دن رات دشمنوں سے لڑ کر ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔ اختلافات بھلا کر سب کو ایک ہو کر دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ سمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ پر سخت ایکشن کی ہدایت بھی کی ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں تیز کی جائیں،  انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جائے ۔بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور انہیں بیرون ملک جانے سے روکا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے اس کے علاوہ سیف سٹی منصوبوں میں تیزی  لائی جائے ۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے 10 شہروں میں سیف سٹی منصوبے چل رہے ہیں ، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے کئی شہروں میں منصوبے زیر تعمیر ہیں جبکہ  پشاور، گوادر، سکھر، لاڑکانہ، بنوں اور دیگر شہروں میں بھی سیف سٹی سسٹمز لگائے جا رہے ہیں ۔اہم شاہراہوں پر جدید چیکنگ سسٹمز اور ڈیجیٹل اسٹیشنز بھی لگائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اعلیٰ حکام، چیف سیکریٹریز، آئی جیز، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں