کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی خدمت کے عملی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کے نظام کو جدید اور شفاف بنایا جا رہا ہے، بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال سے ریکارڈ کو محفوظ بنانے اور فراڈ و ملکیتی تنازعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ شہریوں کو زمینوں کے معاملات میں غیرضروری دفتری چکروں سے نجات دلانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے این آئی سی ایچ میں 445 بستروں پر مشتمل میڈیکل ٹاور کا قیام عوامی صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اپنے آئینی اور مالی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، جبکہ نوجوانوں کے لیے تعلیم، صحت، کھیل اور گرین اسکلز کے شعبوں میں مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ نئی اسپورٹس پالیسی کے ذریعے کھیلوں کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے اور کراچی سے تھر تک نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس اور روبوٹکس جدید سندھ کی تعلیمی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے وسائل اور مہارت کو یکجا کیا جا رہا ہے جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات سے حکومتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نعروں کے بجائے عملی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور سندھ حکومت عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کرے گی۔