اسلام آباد: فیول ریلیف پیکج پر حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ اتفاق رائے کے بعد ڈیلرز نے ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع کردیا۔
حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے درمیان طے پایا ہے کہ ڈیلرز کو ریلیف پیکج کی رقم سٹیٹ بینک کے ذریعے 48 گھنٹوں کے اندر ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیا جائے گا۔
وزیر پٹرولیم نے آئندہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ادھر وزیراعظم کے پٹرول ریلیف پیکج کے تحت شہریوں کو پٹرول کی فراہمی جاری ہے۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے اسلام آباد کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور عوام سے ریلیف اسکیم کے بارے میں رائے بھی لی۔
دوسری جانب پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔ جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کے احتجاج کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
جماعت اسلامی کے رہنما نصراللہ رندھاوا کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہی عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مؤثر راستہ ہے۔