لندن:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام آرہا ہے اور حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
لندن میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ترسیلاتِ زر کو پاکستان کے لیے اہم معاشی ذریعہ قرار دیا۔
وزیر خزانہ کے مطابق مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے نجی شعبے کے لیے کاروباری مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ بجٹ خسارے میں کمی اور حکومتی آمدن میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور شفافیت کے اقدامات بھی معاشی استحکام کے لیے اہم ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحات اور دیگر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔