کیلیفورنیا : ایپل نے آئی فون 18 پرو کے کیمرے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین تصاویر کے اصل ہونے کی تصدیق میں مدد حاصل کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق ریفرنس امیج کے ذریعے کیمرے سے لی گئی تصویر کا ایک غیر ترمیم شدہ اور قابلِ تصدیق ورژن محفوظ کیا جاسکے گا۔ اس سہولت سے فوٹوگرافرز کے لیے یہ ثابت کرنا آسان ہوگا کہ تصویر میں موجود منظر حقیقی طور پر کیمرے کے سامنے موجود تھا۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے باعث تصاویر میں تبدیلی اور مصنوعی تصاویر تیار کرنا آسان ہوگیا ہے، جس سے آن لائن بصری مواد کی صداقت ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے۔
نئے فیچر کا مقصد تصاویر کی اصلیت جانچنے کے لیے ایک اضافی ذریعہ فراہم کرنا ہے، جبکہ آئی فون کا کلین اپ ٹول پہلے ہی صارفین کو تصاویر سے غیر ضروری اشیا ہٹانے یا ان میں ترمیم کرنے کی سہولت دیتا ہے۔