لاہور: ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کوارٹر فائنل میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بارش کے باعث میچ کو 11 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر تھائی لینڈ کو بیٹنگ دی، جس نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 91 رنز بنائے۔ نناپت کونچراؤنکائی نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 2 جبکہ نشرہ سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے ہدف 10.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
شوال ذوالفقار 25 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، جبکہ فاطمہ ثناء نے 21، گل فیروزہ نے 16 اور طوبیٰ حسن نے 13 رنز بنائے۔ فاطمہ ثناء کی آل راؤنڈ کارکردگی میں 2 وکٹیں بھی شامل رہیں۔