ریاض: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات، معاشی شراکت داری اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس اہم ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔
سعودی شاہی محل پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو شاندار انداز میں خوش آمدید کہا گیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
قبل ازیں، وزیراعظم کے سعودی عرب پہنچنے پر ان کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں نے سعودی حدود میں خوش آمدید کہا اور محفوظ طریقے سے ایئر بیس تک پہنچایا۔ انہیں مکمل پروٹوکول فراہم کیا گیا۔
ریاض کے رائل ٹرمینل پر ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر ملاقات بھی ہوئی، جس میں پاک سعودی دوستی، تجارتی روابط، اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر یہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔