ممبئی: بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار اہان پانڈے نے اپنی فلم سیارہ سے شاندار ڈیبیو کرنے سے پہلے ہی اپنے پسندیدہ اداکار شاہ رخ خان کو ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز میں خراجِ تحسین پیش کر کے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی تھی۔ اب وہی پرانی ویڈیو دوبارہ سامنے آ گئی ہے اور مداح ان کے انداز پر فدا ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، اہان پانڈے — جو اداکارہ اننیا پانڈے کے کزن اور چنکی پانڈے کے بھتیجے ہیں — نے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات فلم سیارہ سے کی، اور پہلی ہی فلم سے شائقین کو متاثر کر کے فلمی حلقوں میں اپنی جگہ بنا لی۔
فلم میں راک اسٹار "کرش کپور" کے کردار میں ان کی اداکاری، کو اسٹار انیت پڈا کے ساتھ ان کی آن اسکرین کیمسٹری اور ان کی پراثر شخصیت نے مداحوں کو بے حد متاثر کیا۔
حال ہی میں، ہدایت کار موہت سوری کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں اہان پانڈے شاہ رخ خان کی 90 کی دہائی کی فلم انجام کے گانے بڑی مشکل ہے پر شرٹ لیس ہو کر لپ سنک کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے انداز، تاثرات اور اداؤں نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا ہے۔
مداحوں نے اس ویڈیو کو دیکھ کر ان پر محبت کی بارش کر دی ہے۔ کئی صارفین نے انہیں “پیدائشی فنکار”، “ایکسپریشن ماسٹر” اور "مستقبل کا شاہ رخ خان" قرار دیا ہے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اہان پانڈے نہ صرف نوجوان نسل کے درمیان مشہور ہو گئے ہیں بلکہ انہیں انڈسٹری کے ایک اُبھرتے ہوئے اسٹار کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔