کیلیفورنیا: مشہور مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے چیٹ بوٹ ‘چیٹ جی پی ٹی’ کے استعمال کو 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے محفوظ بنانے کے لیے نئے حفاظتی اصول نافذ کرے گی۔
نئے ضوابط کے مطابق، چیٹ جی پی ٹی صارف کی عمر کا اندازہ کرے گا، اور اگر صارف کی عمر 18 سال سے کم ہو تو اسے ایک ایسا ورژن استعمال کرایا جائے گا جو کم حساس موضوعات پر گفتگو کرے گا۔
کم عمر صارفین کے لیے جنسی یا عشقیہ بات چیت پر پابندی عائد کی جائے گی۔
اگر کوئی نوجوان صارف خودکشی کے خیالات یا ذہنی دباؤ کا اظہار کرے تو چیٹ جی پی ٹی والدین کو آگاہ کرنے کی کوشش کرے گا یا شدید حالات میں متعلقہ حکام کو اطلاع دے گا۔
والدین کو یہ سہولت بھی دی جائے گی کہ وہ اپنے بچوں کے لیے مخصوص اوقات مقرر کر سکیں جن میں چیٹ جی پی ٹی کا استعمال ممنوع ہو۔
اگر چیٹ جی پی ٹی کو صارف کی عمر کے بارے میں شک ہو تو خودکار طور پر اس پر زیادہ سخت حفاظتی قوانین لاگو کیے جائیں گے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ نوجوان صارفین کی حفاظت کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔ یہ فیصلہ ایسے واقعات کے بعد کیا گیا ہے جن میں نوجوانوں نے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے بعد ذہنی دباؤ یا خودکشی کی کوشش کی۔
اوپن اے آئی نے مزید بتایا ہے کہ والدین کے کنٹرولز اس ماہ کے آخر تک دستیاب ہوں گے تاکہ بچوں کی حفاظت کو بہتر بنایا جا سکے۔