وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل اور انگریزی چینل کا افتتاح کر دیا

12:25 PM, 17 Sep, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ٹیلی ویژن کے نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم "پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل" کا دورہ کیا اور اس کے تحت چلنے والے انگریزی چینل کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر چینل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور نشریات کے آغاز کا اعلان کیا۔ اس تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے چینل کے مختلف حصے دیکھے، وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے بات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں پاکستان کو درپیش چیلنجز میں سب سے بڑا چیلنج غلط معلومات اور جھوٹے پروپیگنڈے کا ہے، جس کا جواب دینے کے لیے یہ ڈیجیٹل چینل نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے اس نئے چینل کو اپنا پہلا انٹرویو بھی دیا، جو اس کی ابتدائی نشریات کا حصہ تھا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ یہ چینل انگریزی زبان میں عالمی ناظرین کو پاکستان کا درست اور مثبت چہرہ دکھانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کا مؤثر جواب دینا اور ملک کی سفارتی کوششوں کو نئی جہت دینا ہے۔

مزیدخبریں