پنجاب حکومت کی جانب سے پہلی ای-ٹیکسی سکیم کا باقائدہ آغاز

12:15 PM, 17 Sep, 2025

لاہور : پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ وژن 2030 کے تحت صوبے کی پہلی ای-ٹیکسی سکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔ جو لوگ دلچسپی رکھتے ہیں، وہ اپنی درخواستیں ای-ٹیکسی پنجاب کی ویب سائٹ پر 5 اکتوبر 2025 تک جمع کرا سکتے ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ ایندھن کے خرچ میں بھی خاصی کمی ہوگی، جس سے عوام کو ماحول دوست اور سستا سفر میسر آئے گا۔ اس کے علاوہ، اس سکیم سے شہری ٹرانسپورٹ بہتر ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

حکومت خریداروں کو ڈاؤن پیمنٹ میں سبسڈی دے گی اور سود کی ادائیگی کا بوجھ بھی خود اٹھائے گی۔ 40 لاکھ سے ایک کروڑ روپے قیمت والی گاڑیوں کی ڈاؤن پیمنٹ میں پنجاب حکومت 5 لاکھ 85 ہزار روپے دے گی، باقی رقم بینک قرضے کے طور پر فراہم کریں گے۔

یہ منصوبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب حکومت نے حال ہی میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے قرضوں کی سہولت بھی منظور کی ہے، جس کے تحت شراکت دار بینک 6.65 لاکھ روپے تک قرضے دیں گے۔

مزیدخبریں