اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خاص طور پر شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کا بھی امکان ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، نارووال، قصور، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح پشاور، سوات، کوہاٹ، مردان، دیر، چترال، بنوں، باجوڑ، ایبٹ آباد، صوابی اور مانسہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے جنوبی حصوں میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے زیادہ تر حصے گرم اور خشک رہے، ساحلی علاقوں میں تھوڑی بہت ابر آلودگی رہی اور بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ اس دوران کراچی میں ہلکی بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔