بنوں / کرک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی

09:56 AM, 17 Sep, 2025

بنوں : خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں دہشتگردوں نے رات گئے حملے کیے، لیکن پولیس نے نہ صرف بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ دشمنوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ دوسری طرف بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ایک افسوسناک واقعے میں لیویز اور کانسٹیبلری کے چار اہلکار شہید ہو گئے۔

بنوں کے علاقے میریان تھانے پر دہشتگردوں نے سب سے پہلے حملہ کیا، لیکن پولیس نے صرف 20 منٹ میں حملہ ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد دہشتگردوں نے مزنگ چوکی پر دھاوا بولا، جہاں فائرنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ پولیس نے نہ صرف مقابلہ کیا بلکہ 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔ حملے میں تین اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشتگردوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، مگر پولیس نے پہلے ہی پوزیشن سنبھال لی تھی۔ دہشتگرد تھانے تک پہنچ ہی نہیں سکے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں حالات زیادہ سنگین رہے۔ دہشتگردوں نے رات کے وقت پولیس لائنز اور لیویز تھانے پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں لیویز کے 3 اہلکار اور کانسٹیبلری کا ایک جوان شہید ہو گیا، جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ حملے سے کمیونیکیشن سسٹم تباہ ہو گیا اور لیویز کی ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔ ژوب سے اضافی فورسز طلب کی گئی ہیں، اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں