نومبر احتجاج کیس :عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

12:27 PM, 17 Oct, 2025

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نومبر احتجاج کے کیس کی سماعت کے دوران ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ علیمہ خان اس کیس میں پیش نہیں ہوئیں اور نہ ہی انہوں نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی، جس پر عدالت نے یہ کارروائی کی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس میں پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ ایک سال سے چل رہا ہے، لیکن علیمہ خان مسلسل ٹرائل کی پیش رفت میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں۔

پراسیکیوٹر نے درخواست کی کہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں اور ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ عدالت نے ان دلائل کو درست تسلیم کرتے ہوئے علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کیا، جس میں انہیں علیمہ خان کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

یہ مقدمہ تھانہ صادق آباد میں 24 نومبر 2024 کو احتجاج کے دوران درج کیا گیا تھا، اور اس کیس میں مجموعی طور پر 87 ملزمان ہیں، جن میں سے 9 نے اعتراف جرم کیا ہے اور 66 ملزمان ابھی تک اشتہاری ہیں۔ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان فرد جرم کے بعد ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں