پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے

10:52 AM, 17 Oct, 2025

دوحہ : پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے جا رہے ہیں۔ طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی معلومات کے مطابق، افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کریں گے، جب کہ پاکستانی سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام بھی اس مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

پاکستان نے ابھی تک ان مذاکرات کی تفصیلات عوامی سطح پر شیئر نہیں کی ہیں، لیکن حکومتی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ مذاکرات پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہو رہے ہیں۔

قبل ازیں، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں بتایا کہ قطر نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے اور وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے بات کرنے کو تیار ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی سے ایک پیغام موصول ہوا، جس میں پاکستان کے امن و سلامتی میں تعمیری کردار کی تعریف کی گئی۔ اسحاق ڈار نے قطر کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ آج شام چھ بجے ختم ہو رہا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مزیدخبریں