پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب

05:31 PM, 17 Nov, 2025

مظفرآباد: آزاد کشمیر اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، اور پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور کو نئے وزیراعظم کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔

تحریک عدم اعتماد کا اجلاس سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں فیصل ممتاز راٹھور کو قائد ایوان کے طور پر نامزد کیا گیا۔ رائے شماری کے دوران فیصل ممتاز راٹھور نے 36 ووٹ حاصل کیے جبکہ 2 ووٹ مخالفت میں آئے۔ یہ تحریک سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید اور دیگر ارکان نے پیش کی۔

چوہدری انوارالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام مسائل کی ذمہ داری صرف ان پر ڈالنا غیر منصفانہ ہے اور کابینہ کے وزیروں کو بھی اس میں شریک سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے پر دستخط کرنا ان کی سیاسی موت کے مترادف ہوتا۔

رائے شماری کے بعد فیصل ممتاز راٹھور اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، اور چوہدری انوارالحق اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ پرانے وزیراعظم نے نئے کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں چھ ماہ قبل ہی استعفیٰ دینے کا ارادہ تھا، اور انہیں دو سال سے زائد عرصے تک خدمت کا موقع ملا۔

مزیدخبریں