علیمہ خان کی جائیدادوں کی تفصیلات عدالت میں پیش، وارنٹ گرفتاری جاری

12:29 PM, 17 Nov, 2025

راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کو علیمہ خان کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملزمہ علیمہ خان ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عدالت میں بورڈ آف ریونیو کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں علیمہ خان کی پنجاب کے مختلف علاقوں میں جائیدادوں کی تفصیلات شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق، علیمہ خان بھکر میں 51 کنال 16 مرلے، لاہور کے علاقے میاں میر میں 1 کنال 4 مرلے، اور رائے ونڈ کے علاقے سلطان میں 64 کنال 14 مرلے کی مالک ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کے پاس میانوالی میں 217 کنال 5 مرلے اور شیخوپورہ میں 4 کنال 13 مرلے کی اراضی بھی ہے۔ مجموعی طور پر علیمہ خان کے پاس 338 کنال اراضی ہے۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ علیمہ خان کے اشتہاری قرار پانے سے پہلے ان کی جائیداد کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں، اور اگر وہ اشتہاری قرار پاتی ہیں تو ان کی جائیداد کو ضبط یا اٹیچ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علیمہ خان کے 15 بینک اکاؤنٹس پہلے ہی منجمد ہیں۔

عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں، کیونکہ ان کے خلاف عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان وارنٹس کی تعمیل کرائی جائے۔

سماعت کے دوران ایک ضامن عدالت میں پیش ہوا، جبکہ دو ضامن غیر حاضر رہے۔ اس کے علاوہ، استغاثہ کے گواہان عدالت میں موجود تھے، مگر علیمہ خان اور ان کے وکلاء صفائی کی غیر حاضری کی وجہ سے شہادت ریکارڈ نہ ہو سکی۔عدالت نے اس مقدمے کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں