پاکستان ایک خودمختار ملک ، قرضوں کے جال سے بچنا ہوگا، امریکی ناظم الامور

11:18 AM, 17 Nov, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹیلی اے بیکر نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی خودمختاری کا بھرپور خیال رکھتے ہوئے، کسی بھی ملک کے قرضوں کے جال میں نہیں پھنسنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے نجکاری پروگرام پر مکمل توجہ دینی چاہیے اور آئی ایم ایف کی معاشی اصلاحات پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کیا جا سکے۔

ایوانِ صدر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، نٹیلی اے بیکر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی حکمت عملی تب ہی کامیاب ہو سکتی ہے جب وہ آئی ایم ایف کے اصلاحاتی پروگرام کو مکمل طور پر نافذ کرے گا۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے پاکستان کے ساتھ تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔

پاکستان اور چین کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے، نٹیلی اے بیکر نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور اسے دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات بنانے کا حق حاصل ہے، لیکن اسے اپنی اقتصادی خودمختاری اور مفادات کا تحفظ محتاط انداز میں کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق، ایسا کوئی بھی منصوبہ جو قرضوں کے جال کا سبب بنے، عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنتا ہے۔

نٹیلی اے بیکر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی حساسیت کو سمجھتا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کا جلد دورہ کریں گے۔ ان کے مطابق، اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کی امید ہے، اور ٹرمپ امن کے حوالے سے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔

مزیدخبریں